• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی منصوبہ ناکام‘ ہنگو پولیس اہلکاروں کو انعامات سے نوازا گیا

پشاور( کرائم رپورٹر)  انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں ضلع ہنگو پولیس کے افسروں کو دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ پچھلے دنوںہنگو میں سٹیشن بائی پاس روڈ پر ایک جلسہ منعقد ہونا تھا اسی دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ وہاں پر دھماکہ خیز مواد نصب کیاگیاہے۔ اسی اطلاع پر ایس ایچ اُو سٹی فرید خان اور انچارج ہنگوبی ڈی ایس اے ایس آئی اسد اور نائب انچارج جعفر حسین موقع پر پہنچے اور وہاںپرنصب ساڑھے تین کلوگرام ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنادیا۔ ساڑھے تین کلو گرام ریموٹ کنٹرول بم چھروں، ریمورٹ کارڈز اور ڈیٹونیٹر پر مشتمل تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے مذکورہ واقعے میں ہنگو پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت پہنچ کر ہونے والی بڑی جانی و مالی نقصان کو بچاکر پروایکٹیوپولیسنگ کے حوالے سے اچھی مثال قائم کی ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ فورس کے جوانوں کو اچھی کارکردگی پر انعام دینے پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں اور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ ہر وقت چوکس اور مستعد رہے ۔اس موقع پر آئی جی پی نے تین پولیس افسروں ایس ایچ اُو سٹی پولیس اسٹیشن انسپکٹر فرید خان اور انچارج ہنگو بی ڈی ایس اے ایس آئی اسد اور نائب انچارج جعفر حسین کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔
تازہ ترین