کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویمنز کرکٹ اندرون سندھ میں بھی جڑیں مظبوط کر چکی ہے، اس کے مزید فروغ کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کے انعقاد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوٹری کی سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجو کیشن ریحانہ کوثر بھٹی نے انٹر کالجیٹ گرلز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ سپر وائزر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی ڈائریکٹر فزیکل ایجو کیشن عائشہ ارم ، ٹورنامنٹ آفیشلز سید راحت علی شاہ اور پرویز احمد شیخ نے انہیں اجرک اور پھولوں کے تحائف پیش کئے۔ کھیلے گئے فائنل میں کائونٹی کیمبرج کالج حیدر آباد نے گورنمنٹ شاہ لطیف گرلز کالج لطیف آباد کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر چیمپئن شپ جیت لی ۔ شاہ لطیف گرلز کالج نے مقررہ اوور زمیں تین وکٹ پر58رنز بنائے۔ علینا اور ماہین نے 11-11جبکہ تہمینہ نے 10رنز اسکور کئے۔ حفظانہ نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کائونٹی کیمبرج نے مطلوبہ ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ماہ نور نے 14اور اقرا نے 3رنز بنائے جبکہ فاضل رنز کی تعداد38رہی۔ شاہ لطیف کی راشدہ نے 4اور ماہ نور نے ایک وکٹ حاصل کی۔