پشاور(سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طالب علم ’’مشال خان‘‘کے قتل کے حوالے سے پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دینے کی پاداش میں عوامی نیشنل پارٹی مردان کے صدر اور ضلع ناظم مردان’’ حمایت اللہ مایار کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے تین دنوں میں جواب طلب کرلیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ وضاحت پیش نہ کرنے کی صورت میں ان کےخلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی ، اس سلسلے میں اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کی جانب سے اے این پی مردان کے صدر اور ضٗلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار کو جاری کردہ شو کاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ’’ مردان یونیورسٹی میںمشال قتل کیس کا جو انسانیت سوز واقع پیش آیا اس پر پارٹی کی پالیسی بالکل واضح ہے اور مرکزی قیادت سے لے کر کارکنوں تک اس پالیسی میں کوئی ابہام نہیں ہے جبکہ روز اول سے ہی بحیثیت ضلع ناظم اور پارٹی کے ضلعی صدر اس حوالے سے حمایت اللہ مایار کے بیانات ، کارکردگی اور اس معاملے تک رسائی پارٹی پالیسی کے خلاف جا رہی ہے،لہٰذا اس متضاد پالیسی کے پیش نظر آپ کو شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے تین دنوںکے اندر آپ اس حوالے سے وضاحت پیش کریں بصورت دیگر پارٹی آپ کے خلاف تادیبی کاروائی کرے گی‘‘