ٹھٹھہ(نامہ نگار) عدالتی حکم پر زمیندار کی نجی جیل پر چھاپہ، تین برس سے قید 21 ہاری بازیاب، بازیاب ہونے والوں میں شیرخوار اور کمسن بچے بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹھٹھہ عبدالنعیم میمن کے حکم پر پولیس نے بوہارا کے قریب ایک مقامی زمیندار کی نجی جیل پر چھاپہ مار کر حبس بے جا میں رکھے ملاح برادری کے 21 افراد کو بازیاب کرالیا۔ بازیاب ہونے والوں میں میر محمد ملاح، ممتاز ملاح، مسمات سکھاں اور دیگر کے علاوہ ایک سالہ عبدالغنی، 6 سالہ نورین اور 3 سالہ پروین شامل ہیں، واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹھٹھہ کی عدالت نے انسانی حقوق کمیشن کے رہنما راجا بھیل کی درخواست پر نجی جیل میں قید مذکورہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دیا تھا۔ دریں اثنا قید سے رہا ہونے والے ہاریوں نے پریس کلب ٹھٹھہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تین برس سے زمیندار کی نجی جیل میں قید تھے زمیندار انہیں جبری مشقت کراتا تھا اور کوئی خرچہ نہیں دیتا تھا، عدالتی حکم پر بازیاب ہوئے ہیں اور عدالت نے ہمیں اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق دیا ہے۔