سرگودھا(نامہ نگار،نمائندہ جنگ )سرگودھا پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس ‘‘ میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لیاقت چٹھہ نے کہاکہ سرگودھا کو موٹر وے سے ملانے کے لئے براستہ کوٹمومن ایکسپریس وے کا منصوبہ حکومت بھجوادیا گیا ہے ۔ میٹرو بس سروس، نوری گیٹ سے 85جھال ،49ٹیل سے 47پل تک ڈبل روڈ بنایا جائے گا ۔ شہر میں نیا پل بنا کر ٹریفک کو کنٹرول کیا جائے گا ۔ عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ تعینات رہنے والے پٹواریوں کو تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ آئندہ بجٹ میں سرگودھا کے لئے 16میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا ارادہ ہے ۔ شہرمیں 12پارکس بنائے جائیں گے جبکہ جدید سہولیات سے آراستہ50 ایکڑپر پارک بنایا جارہا ہے جس میں 21کنال اراضی وائلڈ لائف کو دی گئی ہے جبکہ باقی اراضی پر بچوں کے لئے جھولے اور تفریح کی سہولیات کے ساتھ ساتھ اپکنک پوائنٹ بنایا جائے گا ۔شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے میونسپل کارپوریشن سے مل کر شہر کے تمام انٹری پوائنٹس اور شہر بھر کی صفائی کا پلان بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔سرکاری اداروں میں کرپشن ، خامیوں اورکوتاہیوں پر ایکشن لے کر ان کاازالہ کرواؤں گا ۔ اس موقع پر صدر کلب آصف حنیف ،جنرل سیکرٹری ملک محمد اصغر ، شاہین فاروقی ، رانا ساجد اقبال ، عبدالحنان چوہدری اور شہزاد شیرازی نے ڈپٹی کمشنر کو پریس کلب سرگودھا کی تاحیات رکنیت کی شیلڈ بھی پیش کی ۔ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نےکہاہےکہ ضلع بھر کے تمام مرکز خریداری گندم پر خواتین کیلئے باردانہ کی تقسیم کے سلسلہ میں علیحدہ خصوصی کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔یہ کاؤنٹر بارہ بجے دن سے ایک بجے دن تک کام کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے پی ایچ اے کی سکیموں کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایچ اے کے زیر اہتمام 37سکیموں میں سے بیس سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ گیارہ سکیمیں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی ذوالقرنین لنگڑیال ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ شفیق الرحمن نیازی،ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے رانا شاہد عمران ، میاں طاہر جمیل ، ایکسین ہائی ویز اعجاز احمد چیمہ و دیگر نے شرکت کی۔