کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسدعمرنے کہا ہے کہ عام آدمی کے شعور ی اعتبار سے ملکی معاملات پر غور فکر پر مجبور کرنے میں جہاں عوام دوست پارٹیوں کی جدوجہد قابل تحسین ہے تو وہیں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سمیت سوشل میڈیا بھی ایک اہم اور مثالی کردار ادا کر رہا ہے، خاص کر تحریک انصاف کو اپنی سیاسی جدوجہد میں میڈیا کا زبردست تعاون حاصل رہا جسے چیئرمین عمرا ن خان اور پوری پارٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، یہ باتیں انہوں نے30اپریل کو ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کے حوالے سے کراچی ریجن کے جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیز کی سربراہی میں کراچی میڈیا سیل کے اراکین کے اجلاس سے ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر کراچی میڈیا سیل کے اراکین دوا خان صابر، خالد عمران ، جاوید ملاخیل، اسد اعوان، سہیل احمد ، عزیر احمد صدیقی ،حیدر علی ،سدرا عمران اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے، اسد عمر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ مثبت تعاون پر مبنی یہ اتحاد جاری رہے اور جہاں کہیں کوئی غلط فہمی پیدا ہوجائے تو اس کا فوری ازالہ کیا جائے۔