بہاولپور(سٹی رپورٹر)بلدیاتی ارکان عوام کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار میئر میونسپل کارپوریشن بہاولپور عقیل نجم ہاشمی نے میونسپل کارپوریشن بہاولپور کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس گذشتہ روزکنوینیئرڈپٹی میئرمنیراقبال چنڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب میں کنوینیئر ڈپٹی میئر ملک منیر اقبال چنڑ نے کہا کہ بہاولپور شہر کو ماڈل سٹی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔اجلاس میں یونین کونسلوں میں ایک کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں سات ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو ادارہ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کی بہتری کے لئے دیگر ممبران پر مشتمل سب کمیٹیاں تشکیل دے گی۔اس سات رکنی کمیٹی میں سید عبدالمعید شاہ بخاری، سید فرغام اشتیاق،ڈاکٹرمحمد افضل چنڑ،سکندر خاں ترین،حاجی ارشاد چنڑ،محمد دین کنہوں اور شیخ رضوان الٰہی شامل ہیں۔سٹی میئرعقیل نجم ہاشمی نے ممبران کی شکایات کی تحقیقات کرانے اور تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں میئرعقیل نجم ہاشمی نے ممبران کو خوش خبری دی کہ صاف پانی کمیٹی کا دائرہ کار پہلے دیہی علاقوں تک محدود تھا مگر اب یہ سہولت شہری علاقوں کو بھی فراہم کردی ہے۔اجلاس میں وزیراعظم میاں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظوراورسپریم کورٹ کے فیصلہ کو سراہا گیا۔