• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل بھوشن ‘ احسان اللہ کے اعتراف، بھارت بے نقاب ہوگیا، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ/ نیوز ایجنسیز) دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ کلبھوشن اور احسان اللہ احسان کے اعترافی بیانات نے بھارتی چہرہ بے نقاب کردیا ،اعترافی بیان  بھارت کے خلاف  ناقابل تردید ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں بے چینی پھیلانے اور اسے غیر مستحکم کرنے کیلئے سرگرم ہے اور ہمارے خلاف افغانستان کی سرزمین استعمال ہو رہی ہے،سعودی اتحاد کسی مسلم ملک کیخلاف نہیں ۔ جمعرات کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے مطابق افغانستان میں امریکہ کی طرف سے مدر آف بمبز حملے میں 13؍ بھارتی بھی ہلاک ہوئے یہ بھارتی دہشت گردوں کی پناہ گاہوں میں کیا کر رہے تھے، عالمی برادری کوبھارت کی تخریبی اور دہشتگردی کی سرگرمیوں کا نوٹس لینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہم کرم ایجنسی میں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،جماعت الاحرار نے حملے کی ذمہ داری قبول کی جس کے بارے میں سب کو علم ہے کہ وہ کہاں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ، بین الاقوامی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے روکے، نفیس زکریا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کل بھوشن یادیو بھارتی بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر تھا جو کہ’’ را ‘‘ کیلئے کام کر رہا تھا، وہ پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث تھا اور یہاں سے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، کل بھوشن تک قونصل رسائی دینے پر ہمارا موقف واضح ہے قونصلر رسائی کے 2008کے معاہدے کے تحت کلبھوشن کے معاملے پر فیصلہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی بین الاقوامی برادری کے لئے بھی تشویش کا باعث ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود بھی افغان صوبہ بلخ میں فوجی کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ افغانستان کے مسائل کی اصل وجہ وہاں کی اندرونی صورتحال ہے، پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں پر مورد الزام ٹھہرانا اندرونی مسائل سے نظر چرانے کی کوشش ہے۔ دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی رابطوں کی ضرورت ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر کہا کہ سعودی قیادت میں مسلم اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایرانی بارڈر سکیورٹی گارڈ کا قتل ایرانی سرزمین پر ہوا، ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاست اتر پردیش میں مذہبی تہواروں پر ہونے والی 15تعطیلات منسوخ کئے جانا وہاں اقلیتوں کی جانب ناروا سلوک کی عکاس ہیں، ایسے اقدامات سے بین المذاہب ہم آہنگی کی عالمی کوششوں کی کوئی خدمت نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کاایک اعلی سطح کا پارلیمانی وفد اس ماہ کے آخر میں افغانستان کادورہ کرے گا۔
تازہ ترین