• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف چور ی کررہے تھے پکڑے گئے،پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالہی نے کہا ہے کہ نواز شریف چور ی کررہے تھے پکڑے گئے۔ آپ اسپتالوں کی دوائیاں تک کھا گئے ، مریض جھولیاں اٹھا کر آپ کو بددعائیں دیتے ہیں، ہماری حکومت میں کالا باغ ڈیم بنے گا۔وہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر طارق بشیر چیمہ، چوہدری مقصود سلہریا، بائو رضوان، سلیم بریار، ذوالفقار گھمن اور صدف بٹ نے بھی خطاب کیا۔ پرویزالٰہی کی آمد پر ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔اس موقع پر گو نواز گو کے نعرے لگائے جاتے رہے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچوں ججوں کے فیصلے سے واضح ہے کہ نواز شریف چور ہیں، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جتنی بدنامی نوازشریف اور شہبازشریف کی وجہ سے ہو رہی ہے اگر انہیں ذرہ برابر بھی احساس ہو تو فوراً مستعفی ہو جائیں، سپریم کورٹ کی جانب سے نوازشریف کو گاڈ فادر یعنی کرپٹ مافیا کا سردار لکھنے پر بھی یہ جے آئی ٹی کا انتظار اس امید میں کر رہے ہیں تاکہ اپنی مرضی کا رزلٹ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں یہ پکڑے گئے ہیں اور پھر نعرہ لگاتے ہیں کہ بجلی آ جائے گی، سال میں ایک ہی پاور پلانٹ کا پانچ پانچ بار افتتاح کرتے ہیں لیکن بجلی پھر بھی پوری نہیں ہوتی، نوازشریف، شہبازشریف نعرے لگواتے ہیں کہ ہمارے منصوبے چالیس سال تک یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ڈالر بنائو منصوبے تو ضرور چالیس سال تک یاد رکھے جائیں گے جن میں سرفہرست تندور سکیم، آشیانہ سکیم، سستی روٹی، دانش سکول بھی شامل ہیں، آپ تو ہسپتالوں کی دوائیاں تک کھا گئے ہیں، مریض جھولیاں اٹھا اٹھا کر آپ کو بددعائیں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال اور سیالکوٹ سے وہاں تک ڈبل سڑک میں نے اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے بنوائے تھے، تم میری ایک تختی اتار کر اپنی دو تختیاں لگا لو لیکن مریضوں کی جان تو نہ لو، سیالکوٹ کو جدید بنانے کیلئے ہم نے بے شمار فنڈز یہاں پر خرچ کیے۔
تازہ ترین