سرگودھا (نامہ نگار) پی ایم اے سرگودھا کا ہنگامی اجلاس ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ کی زیر صدارت ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ‘ ڈاکٹر غلام حسین فیضی‘ ڈاکٹر محمد افضل وڑائچ اور ڈاکٹر وقار معظم بھٹی نے کہا کہ سرگودھا میڈیکل کالج میں پروفیسرز کی کمی پر شدید تحفظات ہیں ۔ سرگودھا میڈیکل کالج کے تمام شعبہ جات میں پروفیسرز کی کمی کی وجہ سے طلباء و طالبات کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ شعبہ میڈیسن میں 16 کی بجائےصرف 3 اسسٹنٹ پروفیسرز، شعبہ سرجری میں 16 ڈاکٹرز کی بجائے 7 ، شعبہ آئی‘ ای این ٹی اور ریڈیالوجی میں 8 کی بجائے 2‘ 2ڈاکٹرز سے کام لیا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں میڈیکل کالج سٹوڈنٹس کے ساتھ ساتھ پی جی آر کی ٹریننگ بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور یوں محسوس ہو رہا ہے سرگودھا میڈیکل کالج کو ناکام کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب‘ وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی‘ کمشنر سرگودھا ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا گیا کہ ان معاملات کا فوراً نوٹس لیا جائے ورنہ پی ایم اے سرگودھا احتجاج کے تمام آپشن استعمال کر سکتی ہے۔