سکھر(بیورو رپورٹ)محکمہ نساسک تمام تر دعوئوں اور اعلانات کے باوجود شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بحال رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے، شہر کے متعدد علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور سیوریج کا پانی تاحال موجود ہے جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، سکھرشہر کے اہم ترین علاقے کوئنس روڈ پر سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہونے کے ساتھ علاقے کے رہائشی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد مرتبہ محکمہ نساسک کو سیوریج کے پانی جمع ہونے کی شکایات کی ہیں لیکن کوئی بھی شکایات سننے کو تیار نہیں اور نہ ہی علاقے میں محکمہ نساسک کا عملہ کام کرتا دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو سیوریج کے پانی اور گندگی کے باعث مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ نساسک کی مکمل ناکامی کا اعتراف حکومتی ذمہ دار اور انتظامی افسران بھی کر چکے ہیں اس کے بعد اگر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی تو یہ شہریوں کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگا۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر محکمہ نساسک سے کیا گیا معاہدہ منسوخ کیا جائے۔