• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکاگو: لامحدود اوقات کار کیخلاف مزدوروں کی تحریک

Chicago Labour Movement Against Unlimited Hours
یکم مئی 1886 کو شکاگو کے مزدوروں نے کام کرنے کے لامحدود اوقات کار کے خلاف تحریک چلائی۔ اس زمانے میں مزدوروں کے کام کرنے کا وقت مقرر نہیں تھا اور ان سے 12 سے 18 گھنٹے مسلسل کام لیا جاتا تھا۔ مزدوروں کا استحصال عام تھا اور بڑے سرمایہ دار اپنے ملازمین سے غلاموں کی طرح کام لیا کرتے تھے، اگر کوئی اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرتا تو اس پر بدترین تشدد کیا جاتا۔

اسی بنیاد پر شکاگو کے مزدوروں نے تحریک کا آغاز کیا، یکم مئی 1886 کو ’’ہے مارکیٹ‘‘ میں مزدوروں نے ہڑتال کر رکھی تھی کہ اسی دوران ایک نامعلوم شخص نے پولیس پر بم حملہ کیا۔ پولیس نے ردعمل میں مظاہرین پر فائرنگ کی جس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 5 مئی کو وسکونسن میں ریاستی پولیس نے فائرنگ کرکے ہجوم میں موجود 7 افراد کو قتل کردیا۔

1889 میں اشتراکی پانے والی ‘‘سیکنڈ انٹرنیشنل’’ نامی تنظیم نے اپنے اجلاس کے دوران شکاگو میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے 1890 میں پہلی بار برسی منانے کا اعلان کیا۔ سیکنڈ انٹرنیشنل کے 1891 میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر شناخت دی گئی۔

اسی اثناء میں یکم مئی 1894 کو امریکی ریاست اوہائیو کے شہرکلیو لینڈ میں فسادات پھوٹ پڑے اور شہر میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگیا ۔ بیروزگار افراد نے رہنماؤں کی جانب سے روزگار کے سلسلے میں ناکافی اقدامات کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا، درجنوں مظاہرین پولیس کے لاٹھی چارج سے زخمی ہوگئے۔

سیکنڈ انٹرنیشنل نے مزدوروں کے ساتھ اس بےرحمانہ سلوک پر دنیا بھر میں موجود ٹریڈ یونینز اور دیگر ہم خیال تنظیموں کو یکم مئی کا دن منانے کے لئے اپیل کی۔ سیکنڈ انٹرنیشنل نے یکم مئی کو احتجاج کے دوران مزدوروں کے اوقات 8 گھنٹے طے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ تب سے لے کر آج تک کئی اشتراکی تنظیموں کے احتجاج کا بنیادی نکتہ ‘‘مئی ڈے’’ ہے جسے عرف عام میں ‘‘لیبر ڈے’’ کہا جاتا ہے۔

مئی ڈے کو چین، شمالی کوریا، کیوبا اور سابق سوویت یونین میں بہت اہمیت حاصل تھی۔ ان ممالک میں باقاعدہ مئی ڈے کی پریڈ منعقد کی جاتی۔آج دنیا کے بیشتر ممالک یکم مئی کو مزدوروں کے دن کے طور پر مناتے ہیں۔حیران کن بات یہ ہے کہ امریکی شہر شکاگو سے شروع ہونے والی تحریک کے نتیجے میں منایا جانے والا عالمی دن خود امریکا میں ہی نہیں منایا جاتا۔

امریکا میں یومِ مزدور یا مئی ڈے کا کوئی تصور نہیں۔ وہاں مئی کے بجائے ستمبر کی پہلی پیر کو سرکاری یومِ محنت یا لیبر ڈے کے موقع پر عام تعطیل ہوتی ہے۔
تازہ ترین