اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا ہے کہ قومی وفد نے افغانستان کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کی، ہمارا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، افغان رہنماؤں سے ملاقات میں دوستی بڑھانے کے جذبات نظر آئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دورہ افغانستان کے بعد راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام مل جل کررہیں، افغان قیادت سے ملاقات میں دونوں جانب سے اپنے اپنے تحفظات پیش کیے گئے، حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ جلد پاکستان کا دورہ کرینگے، پاک افغان مذاکرات وہیں سے شروع ہوں گے جہاں سے ٹوٹے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تلخیوں کے لیے نہیں بلکہ ایک نئے دور کے آغاز کے لیے گئے تھے، ہمارے درمیان کسی قسم کی فہرستوں کا تبادلہ نہیں ہوا، کل یا پرسوں ڈی جی آئی ایس آئی افغانستان جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دورہ ایران میں صدر روحانی ،سیکورٹی ایڈوائزر سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ، ایرانی صدر کوبتایا کہ بھارتی ایجنٹ بھی تو ایران سے پکڑا گیا ، اگرکسی بھی پاکستانی نے عالمی اتحاد کی سربراہی کی تو وہ اپنے پڑوسی ملک کے مفادات کو سامنےرکھے گا۔