بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)رمضان المبارک کے ایام میں کھانے پینے کی اشیاء اعلیٰ معیار اور عام مارکیٹ سے کم نرخ پر فروخت کرنے کے لیے ضلع بھر میں 12 رمضان بازار‘ 10مدنی دسترخوان لگائےجائیں گے جو کہ24 مئی سے فعال کر دئیے جائیں گے۔ رمضان بازاروں کے انعقاد کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل کی زیر صدارت ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمد، ڈپٹی میئر کارپوریشن ملک منیر اقبال چنڑ دیگر ممبران اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان بازاروں کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازار میں کریانہ، پھل، سبزی، چینی، گھی،کوکنگ آئل، آٹا، گوشت، پولٹری اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء تمام سٹالز میں موجود ہوں اور تمام اشیاء کے نرخ نمایاں جگہ آویزاں کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازار میں بزرگ شہریوں اور خواتین کے لیے علیحدہ جگہ مختص کی جائے۔ رمضان بازار میں جنریٹر، یوپی ایس، ٹائلٹس اور پنکھے موجود ہوں۔ علاوہ ازیں تمام رمضان بازاروں میں کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی آمدورفت میں آسانی کے لیے ٹریفک پلان وضع کیا جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نوشین ملک نے بتایا کہ امسال بہاول پور سٹی ایریا میں ماڈل بازار، میلے والی گلی اور ریلوے روڈ پر رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کے ایام میں 10مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔