• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ سال مخالفین کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگی،وزیراعظم، پرجوش نعروں سے خیرمقدم،لیہ جلسہ کی جھلکیاں

لیہ (محمدصالح ظافر) حزب اختلاف کی بعض پارٹیوں کی طرف سے آئندہ عام انتخابات میں اپنے لئے جگہ پیدا کرنے کی غرض سے چلائی گئی مہم اور پاناما کے عدالتی فیصلے کے تناظر میں اپنی سیاسی قوت کے اظہار، ملک گیر ترقیاتی منصوبے کے جائزے کے لئے وزیراعظم نوازشریف منگل کی سہ پہر ملتان کے راستے اس وقت جنوبی پنجاب کے دور افتادہ شہر لیہ پہنچے تو درجہ حرارت چالیس کے لگ بھگ تھا سورج آگ برسا رہا تھا اس کیفیت میں وزیراعظم نوازشریف اسپورٹس کمپلیکس پہنچے تو وہاں مسلم لیگی کارکنوں اور شہریوں کے بڑے جم غفیر نے ان کا پرجوش نعروں سے خیرمقدم کیا۔ ’’ہم سب کے دلوں کی دھڑکن نوازشریف‘‘ کا نغمہ گایا جارہا تھا ضلع سے قومی، صوبائی اور بلدیاتی اداروں کے ارکان نوازشریف کا استقبال کرنے کے لئے موجود تھے وزیراعظم انہیں لیکر اسٹیج پر نمودار ہوئے تو جلسہ گاہ نعروں اور تالیوں سے گونج اٹھا یہ منظر دیکھ کر نوازشریف کا بھی چہرہ کھل اٹھا جو اسلام آباد میں غیرمعمولی طورپر مصروف رہنے کے بعد یہاں پہنچے تھے۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کی ابتدا میں لیہ کے شہریوں کا بار بار شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کا یہ اس قدر بڑا اجتماع جس کی طوالت ایک کلومیٹر تک ہے 2018کے عام انتخابات کے لئے نوید کا درجہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال لوڈ شیڈنگ اور ہمارے مخالفین کی سیاست ایک ساتھ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ہفتے بلبوں کی چکا چوند میں وفاقی دارالحکومت میں ایک اجتماع ہوا تھا وہ تحریک انصاف کے جلسے کا حوالہ دے رہے تھے اور بتایا کہ میں نے اسکی جھلکیاں دیکھی تھیں وہ جلسہ نہیں جلسی تھی میں نے اس کی جھلکیوں کو نمایاں کرکے دیکھا تو بلبوں کی روشنی کے نیچے خالی کرسیاں تھیں یہ ناکام جلسی تھی جسکے لئے رات کے اندھیرے اور بلبوں کا سہارا لیا گیا تھا جلسہ دیکھنا ہے تو دن کے اجالے میں لیہ آئو اور یہاں آکر دیکھو کہ جلسہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھر میں لیہ ، لیہ ہورہی ہے۔ نوازشریف کے ایک ایک جملے پر جذبات سے سرشار حاضرین وارفتگی سے نعرے لگائے اسی دوران ’’ہمارے دلوں کی دھڑکن نوازشریف، کون لایا دلوں کو قریب نوازشریف‘‘ کا نغمہ الاپا جاتا رہا۔ نوازشریف نے اعلان کیا کہ اب ہر مہینے بجلی کے وہ کارخانے باری باری پیداوار شروع کررہے ہیں جو گزشتہ ساڑھے تین سال کی محنت شاقہ سے لگائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ آئندہ سال لوڈ شیڈنگ اور ہمارے مخالفین کی سیاست ایک ساتھ ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گی۔ جسکے بعد بجلی دوبارہ کبھی نہیں جائے گی۔ گھروں اور ٹیوب ویلوں کے لئے سستی بجلی فراہم کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ کھاد اور کاشتکاروں کی دیگر ضروریات کے نرخ کم کئے گئے ہیں جنہیں مزید کم کیا جائے گا۔
تازہ ترین