• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی غلط پالیسیوں سے چھوٹی صنعتوں کو بہت نقصان پہنچا :شاہ محمود

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت روز بروز نیچے جارہی ہے ، لوڈشیڈنگ ،بجلی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے چھوٹی صنعتوں کو بہت نقصان پہنچا ہے ملک بحرانی کیفیت میں ہے ،ملکی برآمدات گررہی ہیں ،درآمدات میں اضافہ ہورہا ہے تجارت کا توازن بگڑ رہا ہے لوگوں کا روز گار متاثر ہورہا ہے حکمران سب اچھا ہے کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پاورلومز ایسوسی ایشن ملتان کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس کی قیادت ڈاکٹر علی اکبر انصاری ، ڈپٹی مشتاق انصاری اور دیگر قائدین نے کی ،مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاورلومز مالکان کے ساتھ اظہاریک جہتی کرتے ہوئے ان کے احتجاج کو جائزقرار دیتے ہوئے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انڈسٹری کو تباہی سے بچائے۔بصورت دیگر ہم ان کے ساتھ سٹرکوں پر نکل آئیں گے ۔دریں اثناء مخدوم شاہ محمود قریشی سابق یونین ناظم شیخ شاہد جمال کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ،وہ پی ٹی آئی کے چئیرمین شیخ طاہر حمید کی رہائش گاہ پر گئے اوران کے بھائی کی شادی کی مبارکباد دی ،ممتازآباد میں پی ٹی آئی رہنما مخدوم شعیب اکمل ہاشمی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کو عمرہ کی مبارکباد دی ،بعدازاں وہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگئے ۔ 
تازہ ترین