اسلام آباد (تنویر ہاشمی،مہتاب حیدر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے وفاقی ادارے متعلقہ صوبائی حکومتوں کسیاتھ تعاون کو یقینی بنائیں، اقتصادی راہداری کی بر وقت تکمیل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک منصوبوں پر کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری منصوبہ بندی، چینی سفارتخانہ، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزارتوں اور اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مواصلات، ریلوے، توانائی، گوادراور خصوصی اقتصادی و صنعتی زونز منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی مشکلات دور کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔ سی پیک منصوبوں سے متعلق تمام ادارے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں ایک ٹیم کی مانند کام کر رہے ہیں،اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل پاکستان کے عوام کی کامیابی ہوگی، سی پیک منصوبوں سے انجینئرنگ، ٹرانسپورٹیشن اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں جدید علوم اور ٹیکنالوجی متعارف ہو رہی ہے،احسن اقبال نے ہدایت کی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن چاروں صوبوں میں موجود یونیورسٹیوں اور ریسرچ کیلئے قائم اداروں کے ساتھ ملکر جامع رپورٹ مرتب کرے، صنعتی شعبے میں جدید تحقیق اور رجحانات کا جائزہ لے کر اپنے تعلیمی نصاب کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء حکومت نے ٹیکس حکام کی طرف سے سی پیک کے تحت پاکستان میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاگت سے 720 میگاوٹ کے کروٹ پن بجلی منصوبہ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے اکائونٹس منجمد کرنے کی انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انکوائری کے یہ احکامات وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سی پیک کے پروجیکٹس پر ہونے والے ایک اجلاس میں جاری کئےجس میں متعلقہ وزارتوں اور صوبوں کے نمائندے شریک تھے۔ اجلاس کے بعد بتایا گیاکہ ٹیکس حکام نے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے بنک اکائونٹس منسلک کئے تھے جس پر وفاقی وزیرنے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کو بروقت مکمل کرنے میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔وزارت منصوبہ بندی کے جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کرے گی اورسی پیک کی بروقت تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی۔ وفاقی حکومت سی پیک کی تکمیل کے حوالے سے صوبوں کو درکار تمام وسائل فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔