• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے مسلمان مسجد اقصیٰ جائیں،اردگان

Muslims To Flood Mosque Aqsa To Protect Its Islamic Identity Tayyip Erdogan
ترک صدر رجب طیب اردگان نے عالم اسلام کے تمام مسلمانوں پر زوردیا ہے کہ اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے مسجد اقصیٰ کے زیادہ سے زیادہ دورے کریں۔

استنبول میں یروشلم پر منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردگان نے اپنے خطاب میں مغربی کنارے اور یروشلم میں یہودی آبادکاری کے منصوبوں پر اسرائیل پر زبردست تنقید کرتے ہو ئے اسے جنوبی افریقا کی سابق نسل پرستانہ پالیسی سے بھی تشبیہ دی ۔

انہوں نے کہا ہم مسلمانوں کو بطور خاص کثرت سے القدس کا دورہ کرنا چاہئے،طیب اردگان نے یروشلم کا عربی نام استعمال کرتے ہوئے کہاکہ ’’ یروشلم پر یہودی قبضہ ہر دن مضبوط ہورہا ہے اور یہ قبضہ ہم مسلمانوں کی توہین ہے‘‘۔

ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی نئی کارروائیوں میں اور نسل پرست ،امتیازی سیاست میں کوئی فرق نہیں جیسا کہ ماضی بعید میں نیگروز(کالوں) کے ساتھ امریکا میں سلوک روا رکھا گیا اور ماضی قریب میں نیگروز(کالوں) کے ساتھ جنوبی افریقا میں سلوک روا رکھا گیا۔

اپنے خطاب کے دوران طیب اردگان نے ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کیاکہ وہ اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل نہ کرے،امریکا کی جانب سے یہ اقدام انتہائی غلط اوراحمقانہ مشورہ ہوگا ۔یہ عام مقام نہیں ہے ، وہ نہیں جانتے کہ یہ ہمارے لئے کتنے مقدس مقام کی حیثیت رکھتا ہے اور منتقلی کس قدر نازک معاملہ ہے۔

استنبول میں یروشلم پر منعقدہ کانفرنس سے طیب اردگان کے خطاب پر اسرائیل نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ایک متنازع لیڈر جس کے اپنے ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی ہوںاس کو اخلاقیات کی تبلیغ کا کوئی حق نہیں ۔اسرائیل یہودیوں، مسلمانوں اور عیسائیوں کو عبادت کی مکمل آزادی پر سختی سے عمل کرتا ہے ۔

اسرائیل کے معروف روزنامے ہارٹز کی رپوٹ کے مطابق اسرائیل طیب اردگان کی تقریر کا جواب دینے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کررہاتاہم ترک صدر کاخطاب جو مقامی اور عالمی میڈیا پر بھر پور انداز میں رپورٹ ہو ا اس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی سوچ کو تبدیل کر دیاہے۔
تازہ ترین