ملتان(نمائندگان)پنجاب میں گندم خریداری مہم جاری ہے،بدھلہ سنت میں کسانوں نے عملے کیخلاف احتجاج کیا،ٹھٹھہ صادق آبادسے سرکاری باردانہ بر آمد ہوا،تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ صادق آباد میں تحصیلدار جہانیاں سید توقیر حسین شاہ،فوڈ انسپکٹر،فوڈ سپر وائزرنے پولیس کے ہمراہ پل پنجو کے قریب رانا یوسف کی آڑھت پر چھاپہ مارکر سرکاری باردانہ بر آمد کرلیا،پولیس نے آڑھتی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا،جبکہ پل 132،ٹھٹھہ صادق آباد،رحیما چوک،پل 14سمیت متعدد مقامات پر آڑھتیوں نے کاروائی کے خوف سے گندم اور باردانہ خفیہ مقاما ت پر منتقل کردیا ۔ پاسکو سنٹربدھلہ سنت پر تعینات عملہ کسانوں ، کاشتکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے لگاجس پر کسانوں فیض بخش مہار،مظہر اوجلہ،غلام رسول سینچ ،گل محمد کانواں،رانا محمد جمیل،ملک شوکت علی،حافظ نا صر لودھراو دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کوٹ سلطان کے کاشتکاروں غلام قاسم ،محمداشرف،غلام حسین،تگہ خان،امام بخش،کوڑو خان،عبدالستار،محمد ارشد،منظوراحمد،عطا محمد،محمد افضل،عبدالرحمن،امام بخش ،احمد نواز،محمد رمضان نے ڈی جی ایم پاسکو کو درخواست دی کہ کاشت کے مطابق بینک میں رقم جمع کرا دی لیکن تاحال بار دانہ نہیں دیا گیا، درخواست دہندگان نے انچارج سنٹر پر الزام عائد کیا کہ بڑے کاشتکاروں اور آڑتھیوں کو رشوت کے عوض باردانہ تقسیم کیا جا رہا ہے جس سے ہماری حق تلفی ہو رہی ہے، انہوں نے سیکرٹری خوراک ،چیف ایگزیکٹو پاسکو سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔