• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان میں پولیس کے ہاتھوں حافظ قرآن طالبعلم کی شہادت قابل مذمت ہے

ویکفیلڈ (پ ر)جمعیۃ علماء برطانیہ کے مرکزی قائدین مفتی محمد اسلم ، مولانا اسلام علیشاہ ، حافظ محمد اکرام ، مولانا قاری ممتاز، مولانا اسلم زاہد ، مولانا امداد اللہ قاسمی، مولانا خالد ، مولانا نعیم ، مولانا عطاء اللہ ، مولانا خورشید، قاری عبدالرشید رحمانی، قاری نیاز احمد اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں مردان پولیس کے ہاتھوں حافظ قرآن طالب علم کی شہادت پر اظہار افسوس اور پولیس کی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مردان میں حافظ قرآن کا قتل کھلی دہشت گردی اور خیبر پختونخوا پولیس کی غنڈہ گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ مذہبی لوگوں کا قتل ریاست کی چھتری کے سائے میں مذہبی طبقات میں خوف وہراس پھیلانا ہے اور اس طرح سڑکوں پر چلتے بچوں کو گولیوں سے چھلنی کرکے خون میں لت پت کرنا یہ مسلمانوں کے بچوں کو دینی تعلیم سے دور کرنے کی گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں تو وزیر اعلی اور عمران خان فی الفور میڈیا پر اور پھر اس حافظ قرآن کے گھر جاکر معافی مانگیں اور ان کے دکھ میں اسی طرح شریک ہوں جس طرح مشال کے لئے اس کے گھر گئے ان کے والدین سے اظہار ہمدردی کے ساتھ ان کو انصاف کا وعدہ کیا گیا۔ جب ملک میں دیندار اور سیکولر لوگوں کے درمیان ایک جیسا انصاف نہ ہوگا تو اس ملک کی تباہی مقدر بن جائےگی۔ عدل و انصاف ملک کی ترقی اور امن اومان کی ضمانت ہوا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی پولیس کا بڑا چرچا کیا جارہا تھا بڑی تعریفوں کے پل باندھے جارہے تھے یہ اس پولیس کا کارنامہ ہے کہ ایک حافظ قرآن جس کی جیب میں قلم اور مسواک رکھی ہوئی مردان کی پولیس نے اسے دہشت گرد ظاہر کرکے شہید کردیا۔
تازہ ترین