راولپنڈی (اے این این) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے این اے 56 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ مل کرانتخابات میں حصہ لیں گے۔راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں عوامی مسلم لیگ کے جلسہ سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی پر 2 ٹن منشیات کا کیس ہے،فلیٹ قطری کے ہیں نا کسی اور کے، یہ نوازشریف کے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سجن جندال ایسے پاکستان آیا جیسے اس کی خالہ کا گھر ہو۔انھوں نے کہا کہ کہا کہ اس ملک میں دو ہی حقیقی اپوزیشن لیڈر ہیں ایک عمران خان جو نواز شریف کو گلی گلی کوچہ کوچہ للکار رہا ہے جب کہ دوسرا شیخ رشید ہے، اپوزیشن میں بھی عمران خان اور شیخ رشید ہیں ،حکمران جتنی بھی میٹرو بنا لیں لیکن جب تک پنڈی میں شیخ رشید ایکسپریس نہیں چلے گی تو مری روڈ کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور نا ہی نالہ لئی کا مسئلہ حل ہو گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے کہ اگر ہماری نیتیں صاف ہیں تو ہمیں عوام میں سرخ رو کر دے اور اگر ہماری نیتوں میں کھوٹ ہے تو عوام پر ہم سے بہتر حکمرانوں کو فائز کر دے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 4 ماہ پاکستان کی سیاست کے لئے نہایت اہم ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں نون کا جنازہ نکلے گا اور پانچوں کے پانچوں کندھوں سے نکلے اور فیصلہ کن نکلے گا۔