خیرپور(بیورو رپورٹ) خیرپور ایگریکلچرل کالج 5سال گزر جانے کے باوجود پاکستان انجنئرنگ کونسل نے رجسٹر نہیں کیا۔ طلبہ نے اپنے مستقبل کو خطرہ لاحق دیکھ کر کھجور منڈی کے قریب خیرپور سکھر روڈ پر دھرنا دیکرٹائر جلائے جس کی وجہ سےسکھر ،نواب شاہ، حیدر آباد،کراچی، سانگھڑ، میرپور خاص اور عمر کوٹ جانے والا ٹریفک بند ہو گیا۔ دھرنے کی قیادت شجاع حاجانو،عاصم کاندھڑو،اکبر سندھی،ابراہیم پہنور،ظفر الحق،لعل میمن اور دیگر کر رہے تھے۔ دھرنے میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ خیرپور ایگریکلچر ل کالج 5 برس قبل تعمیر ہوا تھا۔ 5برس گزر جانے کے باوجود پاکستان انجنیئرنگ کونسل نے کالج کو رجسٹر نہیں کیا جس کی وجہ سے طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ طلبہ کا یہ بھی کہناتھا کہ دور دراز علاقوں کےطلبہ زیر تعلیم ہیں لیکن طلبہ کی رہائش کے لیے ہاسٹل تعمیر نہیں کرایا گیا۔کالج میں پینے کےمیٹھے پانی کا بھی بندو بست نہیں کیا۔ انہوں نے افسو س سے کہاکہ کالج منظور کرنے والوں نے کالج کو رجسٹرڈ کرانے، ہاسٹل تعمیر کرنے اور کالج میں پینے کا پانی کا بندو بست نہیں کیا جس کی وجہ سے طلبہ سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لیکر کالج کو رجسٹرڈ کیا جائے اور کالج کے مسائل حل کئے جائیں۔