راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کے وکیل کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواستیں خارج کردیں اور حکم دیا کہ چونکہ ملزم کو اس مقدمہ سے علیحدہ کر دیا گیا ہے لہٰذا آئندہ 27مئی کی سماعت پر پانچوں گرفتار ملزمان سمیت ساتوں ملزم اپنے بیانات قلمبند کروائیں، سابق صدر کے وکیل اختر علی شاہ نے دو درخواستیں دائر کی تھیں ایک میں انکا موقف تھا کہ اس کیس کی سماعت اگست تک ملتوی کی جائے اور دوسری درخواست میں کہنا تھا کہ میرے موکل کو بیان قلمبند کروانے کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو اپنا بیان قلمبند کروانے کیلئے عدالت آنے کی صورت میں بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی اور ویڈیو لنک یا سکائپ اپنا بیان قلمبند کروا سکتے ہیں مگر اس سہولت کا بھی مثبت جواب نہ دینے پر انہیں باقاعدہ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کیلئے گزشتہ سماعت پر انہیں اس مقدمہ سے علیحدہ کر دیا گیا تھا۔