ٹھٹھہ(نامہ نگار)ضلع ٹھٹھہ میں پانی کا بحران برقرار، مچھلی کی صنعت، چاول اور دیگر فصلوں کی بوائی شدید متاثر، زراعت تباہ، عوام بوند بوند کو ترسنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں پانی کا بحران برقرار ہے، گذشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے کینجھر جھیل کے ذریعہ پانی کی فراہمی غیر اعلانیہ مدت تک بند ہونے کے باعث ضلع کی نہریں اور شاخیں سوکھ چکی ہیں، نہروں میں ریت اڑ رہی ہے اور پانی کا بحران دن بدن شدید ہوتا جا رہا ہے، پانی نہ ملنے کے باعث ہزاروں ایکڑ پر مشتمل فصلیں سوکھ چکی ہیں، جبکہ کاشتکاروں کو چاول سمیت دیگر فصلوں کی بوائی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مجموعی طور پر زراعت کی تباہی کے باعث کاشتکاروں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، دریں اثنا پانی کی عدم دستیابی کے باعث زراعت کی طرح فش فارمنگ کی صنعت کو بھی شدید دھچکا لگا ہے۔