راولپنڈی (راحت منیر‘ اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم پاکستان سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں ڈویژن بھر میں ترقیاتی سکیموں میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ ضلع اٹک میں فزیکل پراگریس زیرو ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عملی پراگریس2 اعشاریہ 78فیصد ہو چکی ہے۔ راولپنڈی میں جاری ترقیاتی سکیمیں 365ہیں۔ جہلم میں 104، چکوال 192اور ضلع اٹک میں164ہیں۔ ان سکیموں کی مانیٹرنگ کیلئے پنجاب حکومت نے باقاعدہ ڈیش بورڈ بنا رکھا ہے جس پر تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق راولپنڈی ضلع کی کارکردگی 5اعشاریہ 5فیصد، جہلم 6اعشاریہ3، چکوال 4اعشاریہ 9فیصد جبکہ اٹک کی زیرو ہے۔ ڈیش بورڈ پر مانیٹرنگ اوسط راولپنڈی کی 21سکیموں کے جائزے کے بعد دکھائی گئی ہے جبکہ جہلم کی دس، چکوال کی چھ سکیموں کے بعد اوسط نکالی گئی۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی کی سکیموں میں 118محکمہ لوکل گورنمنٹ، 64پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، 62واسا اور 26محکمہ ہائی وے کی شامل ہیں۔ ادہر وزیراعظم سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت دوسرے فیز میں ہر قومی اسمبلی کے حلقہ کیلئے سو سو ملین روپے فراہم کئے جا رہے ہیں جس میں سے 62اعشاریہ 25فیصد فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔ پہلے فیز میں قومی اسمبلی کے ہر حلقہ میں ایم این اے سے سو ملین جبکہ ایم پی اے سے پچاس پچاس ملین روپے کے منصوبے لئے گے تھے جس کے تحت راولپنڈی ضلع میں 14سو ملین روپے کی سکیمیں منظور کی گئیں تھیں جو زیرتکمیل ہیں۔ دوسرے فیز کے فنڈز سے ابھی سکیموں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔ صرف این اے 51کی سکیمیں ضلعی انتظامیہ کو موصول ہوئی ہیں۔ وزیراعظم ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت قومی اسمبلی حلقے کیلئے سو ملین اور صوبائی حلقے کیلئے پچاس ملین فی کس فنڈز ہیں جبکہ پنجاب حکومت سپیشل ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت چار صوبائی حلقوں کیلئے فی کس 25ملین روپے اور ایک قومی اسمبلی حلقے کیلئے 50ملین روپے کی 47سکیمیں جاری ہیں‘ جن کیلئے اب تک سو ملین روپے کے فنڈز ریلیز کئے جا چکے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق اب تک وزیراعظم سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت رواں سال میں راولپنڈی کے حلقوں کیلئے 21سو ملین روپے جاری ہونے ہیں ہیں جس میں سے 14سو ملین پہلے فیز جبکہ رواں سال کے اختتام تک کیلئے 700ملین روپے ہیں جس میں سے سات قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے 435اعشاریہ 75ملین روپے تقریباً 62اعشاریہ 25فیصد فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔ پہلے فیز کے فنڈز میں سے وزیراعظم پیکیج کے تحت اب تک 387اعشاریہ 526ملین جاری ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت کوئی سکیم 30ملین روپے سے زیادہ کی نہیں ہوگی جبکہ صحت اور تعلیم کی کوئی بڑی سکیم بھی اس پیکیج کا حصہ نہیں ہے۔