• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹے کونوکری باپ کے مرنے پرملتی ہے توچلو مرجاتاہوں

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار) پانچ بیٹیوں اور تین بیٹوں کے 59 سالہ باپ وزارت داخلہ کے نائب قاصد نے منگل کو دفتر کی چھت سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا، پولیس نے نعش ورثا کے حوالے کردی۔ 30 فٹ کی بلندی سے گرنے کی وجہ سے ڈھانچہ بری طرح توڑ پھوڑ کا شکار ہوگیا ہے، متوفی محمد اقبال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہنے والا اور جی ٹین ون میں کوارٹر نمبر108 میں رہائش پذیر تھا، محمد اقبال علیل ہونے کی وجہ سے ساڑھے چار ماہ کی چھٹی پر تھا،22مئی کو اس نے اپنی چھٹی ختم کراکر جوائنگ دے دی تھی اور ایک سال کی ایل پی آر کی درخواست دے دی تھی، منگل کو وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ آفس پہنچا اور ایڈ من افسر کو بیٹے کی ملازمت کےلئے درخواست دی، جہاں اسے بتایاگیا کہ باپ کی جگہ بیٹے کی ملازمت کیلئے ضروری ہے کہ باپ کا دوران ڈیوٹی انتقال ہوجائے جس پر محمداقبال بیٹے کو وہیں چھوڑ کر پاک سیکرٹریٹ کے آربلاک کی چھت پر پہنچا اور چھلانگ لگا دی اسے شدید زخمی حالت میں پولی کلینک پہنچایا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کے مطابق دفتر آنے سے پہلے بھی محمد اقبال پولی کلینک گیا تھا وہ شدید ذہنی دبائوکا شکار تھا اور ریٹائرمنٹ سے پہلے اپنے بیٹے کو ملازمت دلانے کا خواہاں تھا تاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اس کے پاس سرکاری چھت موجود رہے ۔ 
تازہ ترین