• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کےرمضان بازاروں میں سیاسی بنیادوں پر سٹالوں کی بندر بانٹ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کی حدود میں رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو سستی اشیاء فروخت کرنے کے نام پر بنائے جانے والے رمضان بازاروں کے سٹالوں کی الاٹمنٹ میں بھی پسند و ناپسند کے ساتھ ساتھ کارپوریشن میں بیٹھی کالی بھیڑوں نے بھی من مانیاں کیں جبکہ بعض سٹال مرضی کی قیمت پر فروخت بھی کئے گئے جس پر لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مافیا اور اس کے سرپرستوں نے اس مقدس مہینے کو بھی نہیں چھوڑا اور یہاں بھی ووٹر، سپورٹر اور بھتہ دینے والے حاوی رہے۔ ذرائع کے مطابق کارپوریشن کی حدود میں پانچ سستے بازاروں میں سٹال الاٹ کرنے کیلئے میرٹ کو بنیاد بناکر لوگوں سے درخواستیں لی گئی تھیں مگر حقیقت میں حسب معمول کارپوریشن کی انتظامیہ نے سٹال انہی کو الاٹ کئے جن کے میرٹ پر آنے کا تعین ان کے سیاسی سرپرستوں سمیت دیگر نے کیا تھا۔ نوازشریف پارک، کمیٹی چوک اور حیدری چوک سمیت تمام بازاروں میں سٹال دینے کیلئے میرٹ کا تعین مسلم لیگ کے موجودہ اور سابقہ اراکین اسمبلی اور بلدیاتی قیادت نے کیا جس درخواست کے ساتھ عوامی نمائندے کا کارڈ یا مہر لگی تھی صرف وہی درخواست میرٹ پر پوری اتری، باقی لوگ منہ دیکھتے رہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس مقدس مہینے میں لگائے جانے والے سٹال باقاعدہ قیمت لیکر کر بھی فروخت کئے گئے ہیں، مذکورہ بالا صورتحال کی تصدیق کیلئے جب کارپوریشن کے ایک اہلکار سے رابطہ کر کے حلفاً پوچھا گیا تو اس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کر دی کہ زیادہ تر سٹال سیاسی لوگوں اور انتظامیہ کی پسند کے افراد کو دیئے گئے ہیں۔
تازہ ترین