• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پہلی سحری میں آدھے سے زیادہ شہر کی بجلی معطل

Power Suspended In More Than Half Of The Karachi In Sehri
جامشورو میں ایکسٹراہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونےسے کراچی اور اندرون سندھ بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا جس کے باعث پہلی سحری میں آدھے سے زیادہ شہر کی بجلی معطل ہوگئی۔

کے الیکٹرک کے تمام دعووں کا پول کھل گیا اور گلستان جوہر، گلشن اقبال ،نارتھ ناظم آباد ، اورنگی ٹاون، لیاقت آباد ، کھارادر،کیماڑی،شاہ فیصل کالونی، ملیر، ایئرپورٹ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہونے کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں روزہ رکھا ، بہت سے تو سحری سے ہی محروم رہ گئے۔

ملیر کے مختلف علاقوں کے علاوہ معین آباد، النور، سرسید ٹاون، نارتھ کراچی، سعود آباد، سپرہائی وے میں بھی بجلی غائب رہی ۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد، میرپورخاص ، جامشوروسمیت دیگراضلاع میں بھی سحری کے وقت بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہو گیا۔ حیسکو ریجن کے13اضلاع کے76 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے، شہریوں نے موم بتیوں کی روشنی میں سحری کی ۔

ترجمان حیسکو محمد صادق کا کہنا ہے حیسکو ریجن کے13اضلاع کے76 گرڈاسٹیشن بند ہوئے تھے تاہم اب ا ن کا دعویٰ ہے کہ 76 گرڈ اسٹیشن میں سے22گرڈ اسٹیشنوں پربجلی بحال کردی گئی ہے۔

ذرائع این ٹی ڈی سی کے مطابق جامشورو کے3پاور ہاؤس رات 3بجےسے پہلے بند ہوئے تھے۔ ٹنڈوالہ یار، مٹیاری اور دیگراضلاع میں بھی شہریوں نے موم بتی کی روشنی میں سحری کی۔
تازہ ترین