لاہور(جنرل رپورٹر،مانیٹر نگ سیل)وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران اس شاخ کو کاٹ رہےہیں جس پر بیٹھے ہیں اور ملکی سیاست کو نوآموز سیاسی کھلاڑی نقصان پہنچارہے ہیں،عمران خان تم آگ سے کھیل رہے ہو، اسی ٹہنی کو کاٹ رہے ہو جس پر بیٹھے ہو، ووٹ لےکر آنے والوں کو رگیدنے کا کیا شوق ہے؟لاہور میں یوم تکبیر پر کارکنوں سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی دھماکے کا فیصلہ کیا اوروہ اسی راستے پر چل پڑے ہیں،ہم ون بیلٹ ون روڈ منصوبے سے ملک کو منسلک کرچکے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے برسوں گالیاں سنیں لیکن جواب نہیں دیا،پہلے منی لانڈرنگ کا الزام لگایا پھر کمیشن کا الزام لگایا گيا، ان الزامات کا کوئی ثبوت بھی نہیں دیتا،یہ نہیں ہوسکتا کہ ہماری تذلیل کی جائے اور ہم خاموش رہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ کام منتخب وزرائے اعظم نے کئے اور الزام بھی انہی پر لگے ہیں،ہماری کارکردگی سے ملک کے اندر اور باہر بہت سے لوگوں کے سینوں پر سانپ لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین ہمارے کردار کو متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ الیکشن میں صحیح سالم نہ جاسکیں،نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا تو پتہ تھا کہ قیمت ادا کرنی پڑے گی، جو حکومت کی محرومی، طیارہ سازش اور جلاوطنی کی صورت میں ادا کی۔ سعد رفیق کا کہناتھاکہ ہم نے دودھ کی نہریں بہانے کا کبھی دعوی نہیں کیا، چار سال میں پنجاب نے کتنی بجلی پیدا کی، دوسرے صوبوں نے کتنی بجلی پیدا کی، اس حوالے سے مقابلہ کرو۔سعد رفیق نے کہا کہ زرداری صاحب کی پنجاب میں آمد کا ہمیں تو فائدہ ہوتاہے، سابق صدر کی پارٹی نے سندھ کو کھنڈر بنادیا، کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔