کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی لیگ میں پاکستانی کبڈی کھلاڑیوں کو شرکت سے روکنا قابل مذمت ہے، اس بات کا اظہار اسٹرابری اسپورٹس مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور فائنڈر پر کبڈی لیگ حیدر علی دائود خان نے بھارتی وزیر مملکت یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے بھارت میں منعقدہ پی آر او کبڈی لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت سے ممانعت کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو پی آر او کبڈی لیگ میں شرکت سے روکنا انٹرنیشنل ریگولیشن آف گیمز کی خلاف ورزی ہے۔ ہم نے ویت نام میں منعقدہ ایشین بیچ کے فائنل میں گزشتہ سال بھارتی کبڈی ٹیم کو ہرایا تھا۔ شاید اسی ڈر سے بھارت پاکستان کبڈی ٹیم کو پی آر او کبڈی لیگ میں شرکت سے روکنا چاہتا ہے تاکہ بھارت دوبارہ رسوائی کا سامنا نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کبڈی ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی کبڈی ٹیم شرکت نہیں کرسکی وہ خود ساختہ کبڈی چیمپئن بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل گورننس آف کبڈی کو بھارت کے وزیر مملکت کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے۔ کسی بھی ملک کے کھلاڑی سیاست سے آزاد ہوتے ہیں اور وہ اسپورٹس ایونٹ میں صرف اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ حیدر علی دائود خان نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل سپر کبڈی لیگ رواں سال میں منعقد کیا جائے گا جس میں قومی اور بین الاقوامی کبڈی کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے میگا اسپورٹس ایونٹ میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھرپور طریقے سے شرکت کی دعوت دی اور انہیں ویلکم کیا ہے۔