کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیس ایمبیسڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کے تحت کراچی سے سانگھڑ آپریشن رد الفساد یکجہتی واک کا انعقاد ہوا۔ واک کی قیادت گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ، سفیر امن پاکستان اورنگزیب سلطان نے کی۔ اس موقع پر وفد نے ڈسٹرکٹ جامشورو ،کوٹری ،حیدرآباد،میر پور خاص اور ٹنڈو الہیار کے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا۔واک سانگھڑ ،کھیپرو پر اختتام پذیر ہوئی۔ مختلف اسکولوں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اورنگزیب سلطان نے کہاکہ واک کا مقصد اپنی افواج سے اظہار یکجہتی کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک افواج کی جانب سے پورے ملک میں جاری آپریشن ردالفساد سے عوام کو آگاہی پہنچانا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو اللہ تعالیٰ جوار رحمت میں جگہ اور اُن کے نیک کاز کو قبول فرمائے۔ واک کے اختتام پر میر پورخاص ڈویژن میں کراٹے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکولوں کے طلبہ اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔