بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)محکمہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن اکبردرانی کی زیرنگرانی 70کروڑ سے زائد کے ترقیاتی پراجیکٹس کے ٹھیکوں کے ٹینڈز ہوئے جس میں مبینہ طورپر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران اورٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے ٹینڈرز پول کئے گئے اورپہلی مرتبہ ان پراجیکٹس کیلئے گورنمنٹ کے مقررہ ریٹس سے 12فیصد تک زائد ریٹس پر ٹینڈرز اوپن ہوئے ،بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ ذرائع کے مطابق ان ٹینڈروں کو ٹیکنیکل طریقے سے منظور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے جس میں ٹھیکیداروں کوساڑھے چارفیصد زائد ریٹس پر راضی کرکے ٹھیکہ جات ان کودے دئیے جائینگے،اس حوالے سے ایس ای بلڈنگ جاوید بشیر نے جنگ کوبتایاکہ یہ بات درست ہے کہ ٹینڈرز 11سے 12فیصد تک اضافی ریٹس پر ڈالے گئے ہیں تاہم ابھی منظور نہیں کئے گئے کیونکہ پیپرا رولز کے مطابق اس حد تک اضافے کے ریٹس پر ٹینڈرز جاری نہیں کئے جاسکتے،ٹھیکیداروں کواس بات پرراضی کیاجائے گا کہ وہ اس حد تک ریٹس پر راضی ہوں جس حد تک پیپرا رولز اجازت دیتاہے جس کے بعد ہی فیصلہ کیاجائے گاکہ یہ ٹینڈرز منظور کئے جانے ہیں یاکینسل ہونے ہیں۔