کوئٹہ(سٹی ڈیسک)پشتونخوامیپ کے رکن صوبائی اسمبلی ولیم برکت نے ژوب کے مسیحی قبرستان کا دورہ کیا اور اس کی حالت زار دیکھ کر دکھ اور افسوس کااظہار کیا انہوں نے کہا کہ اس کی چار دیواری کیلئے تیس لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے مگر اسکی تعمیر ناقص کی گئی قبرستان کے بڑے حصے پر قابضین نے اپنی آمدورفت کیلئے نہ صرف کئی جگہوں سے دیواریں توڑی ہوئی ہیں بلکہ اپنے گھروں کی سیوریج لائن بھی قبرستان میں چھوڑی ہوئی ہے جس سے ہر طرف گندا پانی جمع ہے اور قبروں کی بے حرمتی ہورہی ہے انہوںنے چار دیواری کی تعمیر کے کام پر عدم اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریری طورپر وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم اور اینٹی کرپشن محکمہ کو مطلع کیاجائےگا کہ وہ انکوائری کرکے متعلقہ محکمے کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں انہوںنے ڈی سی ژوب سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فوری طورپر قبرستان کی حدود پر قابضین کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے سیوریج کے گندے پانی کو بند کرنے کے فوری اقدامات کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے قبرستان کے تقدس کو بحال کرائیں۔