بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)اتائیوں کیخلاف کارروائی کےلئے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ ‘ ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل نے کہا ہے کہ غیر مستند، جعلساز بے رحم اتائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں اتائیت کے سد باب کے لئے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پراجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مسز نوشین ملک، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور ڈاکٹر سعید اصغر، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی بورڈ احسان احمد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذیشان رؤف، ڈاکٹر شاہد اقبال بیگ، متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل نے کہا کہ اتائیت کے مکمل سد باب اور خاتمہ کے لئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر 5لاکھ روپے تک کے جرمانے اوران کے کلینک ومیڈیکل سٹور سربمہرکر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر ایکٹ 2010ء کے تحت اتائیت کی تمام اشکال کا مکمل طور پر خاتمہ کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ہیلتھ کیئر سروسز کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عطائیت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے حکومت پنجاب کے اشتراک سے صوبہ بھر میں اس مذموم کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے جو اس لعنت کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام مستند رجسٹرڈ معالجین سے اپیل کی جائے کہ وہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث اتائیوں کے بارے میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی کو اطلاع دیں۔