مردان ( نمائندہ جنگ ) تعلیمی بورڈ مردان کے چیئرمین اورماہر تعلیم ڈاکٹر شوکت حیات نے کہاہے کہ بورڈ میں صوبائی حکومت کی وژن کے مطابق اصلاحات لائی جارہی ہیں نظام تعلیم کی بہتری اور طلباء کے مسائل کے خاتمے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ بھر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ ملازمین کی حاضری کا بائیومیٹرک نظام رائج کیاگیاہے ۔ بورڈ کے سپورٹس کمپلیکس پر تیز ی سے کام جاری ہے یہ پاکستان بھر کا پہلا جدید سپورٹس کمپلیکس منصوبہ ہے اورمتعلقہ کنٹریکٹر پر واضح کردیاہے کہ کام کے معیار پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا کمپلیکس کی تعمیر سے بچوں اوربچیوں کو ایک چھت تلے کھیلوں کی تمام سہولیات میسر آئیں گی ۔ نقل کی بیخ کنی اوررٹہ سسٹم کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بورڈ طلباء کی مشکلات اوران کی شکایات کے ازالے کوشاں ہے، درستگی نام ،تاریخ پیدائش اور رجسٹریشن سمیت دیگر معمولی معمولی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں جس کے حل کے لئے رہنما اصول بنائے گئے ہیں ۔ زیادہ بچوں کو مارکنگ کے نظام پر عدم اطمینان رہتاہے جس کے لئے ازالے کے لئے سائنسی بنیادو ں پر اقدامات کئے جائیں گے جبکہ کمپیوٹرائز مارکننگ نظام مرتب کرکے زیادہ تر مسائل حل کئے گئے ہیں ۔