ملک بھر میں گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، آج سبی میں پارہ 50ڈگری تک پہنچ گیا، دادو اوربھکر 49، جیکب آباد، لاڑکانہ،نوابشاہ، رحیم یارخان میں درجہ حرارت 48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سکھر، روہڑی، بہاولپور47، ملتان، فیصل آباد46، لاہور، سرگودھا اور پشاور میں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی کا درجہ حرارت 35 ڈگری رہا ، محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں حبس میں غیر معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ 0ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ریکارڈ کیا گیا،جنوب مغربی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چلتی رہیں۔
ملک کےدوسرےحصوں کی طرح لاہورمیں بھی گرمی کاراج ہے، دوپہر کےوقت درجہ حرارت45ڈگری سنٹی گریڈ ہوا تو سڑکیں سنسان ہو گئیں، ہر ذی روح سورج کی تپش اور لُوسےبچنےکےلئےتگ ودوکرتا نظر آیا۔
محکمہ موسمیات نے لاہور میں اگلے2 روز کےدوران موسم شدید گرم اور خشک رہنےکی پیش گوئی کی ہے۔