• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد،مری،کوٹلی ،پشاور،صوابی میں تیز ہوائیں اور بارش

Strong Winds And Rain In Islamabad Murree Kotli Peshawar And Swabi
اسلام آباد، مری ،کوٹلی، آزاد کشمیر،پشاور اور صوابی سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں رات گئے تیز ہوائیں چلیں اور بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

تیز ہوائیں چلنے سے سائن بورڈ اور درخت گرنے سے کئی واقعات پیش آئے اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ۔

ادھر پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں ممکنہ طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے ۔

خیبر پختونخوا میں پشاور اور مانسہرہ شہروں میں اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔پشاور میں آندھی کے باعث 132 کے وی کے جہانگیرہ گرڈ کی دیوار گر گئی۔فیڈرز متاثرہونےسےخیرآباد اور اکوڑہ سمیت بیشترعلاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔

صوابی اور گردونواح میں تیز ہوائیں چلنے کے بعد گرمی کچھ کم ہوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفان کا امکان ہے۔کوٹلی آزاد کشمیر میں آندھی کے باعث کئی درخت اور مکانوں کی دیواریں گرگئیں۔

شدید گرمی کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواوٰں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

آج سے جمعہ کے دوران خیبرپختو نخوا،فاٹا، گلگت بلتستان،کشمیر راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور،فیصل آباد ڈویژن اور اسلام آباد میں وقفے وقفے کے ساتھ کہیں کہیں تیز ہوائیں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بدھ اور جمعرات کے دوران کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

اس دوران ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
تازہ ترین