خیرپور (بیورو رپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ آمریت کے خلاف تحریک میں صحافیوں کی بڑی قربانیاں ہیں جمہوریت کو پروان چڑھانے میں صحافیوں نے سیاستدانوں کا ہر موڑ پر ساتھ دیا ہے وہ پریس کلب خیرپو رمیں افطار پارٹی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا اہتمام پریس کلب کے صدر خان محمد نے کیا۔ کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد سلیم راجپوت ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر ایڈیشنل ایس پی محمد انور بگٹی اے ایس پی سٹی عمران مرزا چیئرمین میونسپل کمیٹی خیرپور سید امجد علی شاہ جیلانی، انجمن تاجران کے رہنما ء سید عبداللہ شاہ اور دیگر معززین افطار پارٹی میں شریک ہوئے۔ سید قائم علی شاہ نے کہاکہ انہوں نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں تین لاکھ سے زائد بیروزگار نوجوانوں کو نوکریاں دیں۔ خیرپور کو میڈیکل کالج ،انجنیئرنگ کالج،ایگریکلچر کالج،ٹیکنیکل یونیورسٹی لقمان ریلوے اوور ہیڈ برج ،فیض آباد پھاٹک اوور ہیڈ برج ،شاہ حسین بائی پاس اوور ہیڈ برج ،بلاول پارک ،شہید بے نظیر بھٹو اوپن ایئر تھیٹر اور دیگر کئی بڑے میگا پروجیکٹ دیئے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں تیسری بار بھی حکومت پیپلزپارٹی کی بنے گی۔ سید قائم علی شاہ نے کہاکہ رینجرز او رپولیس نے کراچی میں امن وامان قائم رکھنے میں مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کی عوامی خدمات صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب سےخان محمد ،اکبر عباس زیدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔