ڈیرہ اسماعیل خان ( نمائندہ جنگ)محکمہ فوڈ ڈیرہ نے تاریخ کی کامیاب ترین کارروائی کرکے پنجاب سے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخواکے دیگر اضلاع کو سپلائی کئے جانے والے60ہزار لیٹر مضر صحت کیمیکل ملے دودھ پر مشتمل چار ٹینکر قبضے میں لیکرآٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نذیر الرحمان وزیر نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر چوہدری خلیق الرحمان کی قیادت میں انسپکٹرسردار جنید خان گنڈہ پورومحکمہ فوڈ کی ایک ٹیم تشکیل دی ٹیم نے رات کے وقت صوبہ پنجاب کے علاقہ کوٹ ادو سے آنیوالے ایک کنٹینر کو قریشی موڑ کے قریب روکا جس میں کیمکل ملا دودھ تھا اس دوران لائیو سٹاک کے ڈاکٹر کو طلب کیا گیا جس نے دوران چیکنگ بتایا کہ اس دودھ میں فارما لین کیمکل موجود ہے جو دودھ کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھتا ہے لیکن مضر صحت ہے اور اسی طرح چاول کو پیس کر اس دودھ کو گاڑھا کیا گیا ہے اسی دوران گرفتارملزمان نے انکشاف کیا کہ مزید تین کنٹینر کیمکل ملے دودھ کے آرہے ہیں جس پر ان تینوں کنٹینرز کو بھی قبضے میں لیا گیا اور چاروں کنٹینر ز میں موجود ساٹھ ہزار لیٹر کیمکل ملا دودھ قبضے میں لیا گیا جسکی مالیت مارکیٹ میں 72 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کیپٹن(ر) میاں عادل اقبال نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کیپٹن (ر)زبیر نیازی،ڈی ایف سی نزیر الرحمان اور اے ایف سی محکمہ فوڈ چوہدری خلیق الرحمان کی موجودگی میں ڈیرہ دریا خان پل پراس کیمکل ملے دودھ کودریا میں ڈال کرضائع کردیا گیا۔