اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) پارلیمنٹ ہائوس کے باہر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے قرض کی واپسی کیلئے الجھنے والے مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نوراعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے تھانہ سیکرٹریٹ میں 2سال پہلے بھی شکایت درج کروائی تھی لیکن کوئی کاروائی نہیں کی گئی، قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ سے کہتاہوں کہ میرے اور شیخ رشید کے معاملے میں ثالث بن جائیں، ہمارا ریکار ڈنکال لیں میرے والد نمبردار ہیں، میں ایک شریف شہری ہوں، شیخ رشیدکو اپنے پیسے نہیں کھانے دوں گا۔ کبھی کسی سے زیادتی نہیں کی، لیکن یہ نہیں ہوسکتاکہ کوئی ہمارے پیسے کھاجائے۔علاوہ ازیں ٹوکیو میں نمائندہ جنگ عرفان صدیقی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف قانونی جنگ پاکستان کی عدالت میں اور انصاف کی جنگ کا مقدمہ اللہ تعالیٰ کی عدالت میں درج کرائیں گے، شیخ رشید کے خلاف اتنے زیادہ اور ٹھوس ثبوت ہیں کہ وہ کسی بھی بات سے انکار نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج پریس کانفرنس میں پیش کی جانیوالی انکی دورہ جاپان کی تصاویر اور مذکورہ گاڑی کی تصاویر صرف پہلی قسط سمجھی جائے، اگلے مرحلے میں ن لیگ اوورسیز کے جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمود تمام کاغذی ثبوتوں کے ساتھ 15 جون کو پاکستان پہنچ رہے ہیں جسکے بعد وہ ایک بار پھرشیخ قیصر محمود کے ساتھ پریس کانفرنس میں شیخ رشید کے خلاف ثبوت پیش کریں گے ۔دوسری جانب ن لیگ اوورسیز کے جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمود نے کہا ہے کہ شیخ رشید اس مسئلے پر سیاست نہ کریں جبکہ پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے جنرل سیکرٹری رحیم آرائیں نے کہا ہے کہ حق اور سچ کی اس لڑائی میں ملک نور کے ساتھ ہیں ۔