• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Qatar Welcomed The Mediation Efforts Of Kuwait

قطر نے کویت کی جانب سے سفارتی معاملے پر مصالحتی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی قوانین کے ضوابط کے تحت مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔قطر نے زمینی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔

ادھر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ داعش امریکا کی اپنی پیداوار ہے ۔

قطر نے کہا ہے کہ وہ کویت کی جانب سے سفارتی معاملے پر مصالحتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔

قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ وہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کیے جانے کے معاملے پر مصالحتی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔

ہم مثبت مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاہم یہ مذاکرات عالمی قوانین کے ضوابط کے تحت ہونے چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اب تک نہیں معلوم کہ ان ممالک نے کیوں قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا؟

ادھر سعودی عرب کی جانب سے قطر کے واحد زمینی راستے کی ناکہ بندی کے نتیجے میں جہاں ایک طرف خوراک کا مسئلہ پیدا ہونے کے خدشات ہیں تو وہیں خلیجی ریاستوں میں بسنے والے قطری خاندانوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ قطر نے فوری طور پر زمینی راستہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

دوسری جانب قطر نے اشیائے ضرورت کی درآمد کے لیے نیا سمندری راستہ اختیار کیا ہے اور حماد بندرگاہ پر عمان کی بندرگاہوں سے سامان لایا جا رہا ہے۔

ادھر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا ہے اور امریکا کی جانب سے داعش کے خلاف جنگ محض ایک جھوٹ ہے کیونکہ داعش خود امریکا کی اپنی پیداوار ہے ۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا ایک دہشت گرد ملک ہے اور وہ خود دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے ۔۔ اسی لیے ایران ایسے ملک کے ساتھ معمول کے تعلقات نہیں رکھ سکتا ۔

 

تازہ ترین