گجرات(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنماچوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہیں، فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی اور انصاف کے لیے تمام پارٹیاں یکجا ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل پیروشاہ کے مسلم لیگیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاناما کیس فیصلہ تک نوازشریف وزیر اعظم کے اختیارات کو استعمال نہ کریں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا آغاز گجرات سے ہوا، گجرات کی عوام نے ہمیں ملک کی شہرت تک پہنچایا، انہیں کبھی بھلا نہیں سکتا، چوہدری ظہور الہٰی شہید کا مشن لے کر نکلے تھے جسے آج بھی نبھا رہے ہیں، چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حلقہ این اے 104کے مسلم لیگیوں سے میرا پرانا تعلق ہے، پرانے مسلم لیگیوں کو خود جانتا ہوں کسی سے تعارف کی ضرورت نہیں۔