کراچی(اسٹاف رپورٹر) لندن میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں پاکستانی ٹیم اتوار کو بھارت کے ہاتھوں 7-1؍ کے بڑے مارجن سے شکست کھاگئی، پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل تیسری ناکامی ہے، پاکستانی ہاکی ٹیم کو ایونٹ کے فار میٹ کے تحت اپنے گروپ کا آخری میچ اسکاٹ لینڈ کیخلاف جیتنا لازمی ہوگا جس کے بعد ہی کوارٹر فائنل میںرسائی کا امکان ہے۔ ایونٹ میں شامل دونوں گروپ میں شامل آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ جائیں گی، گروپ بی میں اسکاٹ لینڈ نے دو میچ کھیلے ہیں دونوں میں اسے شکست ہوئی ہے، اس کو مزید 2؍ میچ میں پاکستان اور کینیڈا سے مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کی ٹیم تین میچ کھیل چکی ہے اور اس نے صرف ایک گول کیا ہے جبکہ اس کیخلاف 17؍ گول ہوئے ہیں، اتوار کو بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کی ٹیم بری طرح آؤٹ کلر نظر آئی، حریف کھلاڑیوںنے پاکستان کے گول پوسٹ پر ڈیرا ڈالے رکھا، پاکستان کے کھلاڑیوں میں ہم آہنگی نظر نہیں آئی ، انہوں نے گول کے دو چانس بھی ضائع کئے، ٹور نامنٹ میں پاکستان کے گول کیپر کا کوئی کردار دکھائی نہیں دے رہا ہے، پاکستان کا واحد گول عمر بھٹہ نے کھیل کے 57؍ ویں منٹ میں کیا، بھارت کی جانب سے ہرمھپریت سنگھ نے 13,33ویں منٹ میں دو گول بنائے،تلونندر سنگھ نے21,24ویں منٹ میںدونوں فیلڈ گول بنائے، آکاشدیپ سنگھ نے47اور59ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کئے، بھارت کی جاب سے پردیپمور نے49ویں منٹ میں فیلڈ گول بنایا جس سے پاکستان کی دفاعی لائن کی کار کردگی بھی بری طرح بے نقاب ہوگئی۔بھارتی میڈیا کو پاکستان کے ہاتھوں کر کٹ میں ہار ہضم نہ ہوسکی اور انہوں نے کہا ہے کہ کر کٹ کی شکست کا بدلہ ہاکی کے میدان میںہماریٹیم نے لے لیا، کر کٹ کے مناظر بھارتی میڈیا سے اوجھل ہوگئے اور ایسا لگنے لگا کہ انہیں سانپ سونگھ گیا ہے وہ اپنی ہاکی ٹیم کے گن گانے لگے۔