وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ جھنگ میں حویلی بہادر شاہ گیس پاور پلانٹ آج رات آزمائشی پیداوار شروع کررہا ہے اور ایک ہفتے میں یہ پلانٹ750میگاواٹ بجلی فراہم کرنے لگےگا۔
وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے جھنگ میں حویلی بہادر شاہ گیس پاورپلانٹ کا دورہ کیا، اس موقع پرمیڈیاسےگفتگوکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں اندھیروں کےساتھ ساتھ اندھیروں کے حامیوں سے بھی جنگ لڑنا پڑ رہی ہے۔
صنعتوں کی طرح گھریلو صارفین کوبھی مطلوبہ بجلی فراہم کرکے دم لیں گے، حویلی بہادر شاہ پلانٹ نیشنل گرڈ کو جلد ہی 750میگاواٹ بجلی فراہم کرنا شروع کر دے گا۔
وزیر اعلیٰ نے لاہورمیں صحت عامہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے جاری پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔
شہبازشریف کا کہناتھاکہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں بھی داخلوں کی میرٹ پالیسی پر عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے ہدایت کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجو ں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے مناسب لائحہ عمل طے کیاجائے، ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی کمی پوری کرنے کے لیے خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحت عامہ بہتری کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔