• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی چیمبرکے وفد کی چوہدری نثار علی سے ملاقات

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، وفد میں چیمبر کے صدر عامر اقبال، سینئر وائس پریذیڈنٹ راشد وائیں، گروپ لیڈر سہیل الطاف شامل تھے سابق وفاقی وزیرراجہ شاہد ظفر بھی ملاقات میں موجود تھے ملاقات میں ملک بھر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں خصوصا سی پیک، چیمبر کی مختلف کاروباری سرگرمیوں اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا، وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی مربوط اور منظم حکمت عملی اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے نتیجے میں کاروباری برادری کو تحفظ اور انکا اعتماد بحال ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں معاشی استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سازگار فضا استوار ہوئی ہے۔ حکومت اور کاروباری برداری کے تعلق اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے اوران میں مزید بہتر ی لانے سے جہا ں پالیسی سازی میں مدد ملے گی وہاں کاروباری حلقوں کے مسائل دورکرنے اور انکے تحفظات کا ازالہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔چیمبر کے عہدیداروںنے کہا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے اور روالپنڈی شہر کی تعمیر و ترقی میں مزید فعال کردار ادا کرنے کی خواہاں ہے۔ راولپنڈی بائی پاس کے قیام سے جہاں شہر کے دیگر مسائل کا خاتمہ ہوگا وہاں کاروباری حلقوں کو سہولت اور ان کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے،بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے سلسلے میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تاریخی کردارادا کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ بزنس کمیونٹی سازگار ماحول اور بہترلا اینڈ آرڈر صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوںنے وفد کو یقین دلایا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رہے گی۔
تازہ ترین