• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول ایوارڈز کی فہرست میں ماحولیات کو شامل کرنے کی تجویز منظور

Approved The Proposal To Add The Environment To A List Of Civil Awards

ملک میں مختلف شعبوں میں سرکاری سطح پر دیئے جانے والے سول ایوارڈز کی فہرست میں ماحولیات کی کیٹیگری کو شامل کرنے کے لیے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کی تجویز کو وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منظوری دیدی ہے۔

وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے سمری پرائم منسٹر آفس بھجوائی تھی جو وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منظور کرلی ہے۔

یہ سول ایوارڈ ہر سال تعلیم، صحت، صحافت، ادب، سائنس، آرٹس اور عوامی خدمت سمیت 12مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو حکومتی سطح پر دیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر زاہد حامد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سول ایوارڈز کی فہرست میں ماحولیات کا بطور شعبہ حصہ ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس سے اس شعبے میں غیر معمولی سطح پر کام کرنے والے لوگوں اور اداروں کی ملکی سطح پر پذیرائی ہوگی اور ماحولیات کے بگاڑ سے روکنے میں کردار ادا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ماحولیات کے شعبے کو سول ایوارڈز کی فہرست میں شامل کرنے سے خود وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ملک میں پائیدار، سماجی اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ماحولیاتی بگاڑ کو روکنے اور ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی لیے میں سنجیدگی اور عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بین الاقوامی سطح پر عالمی حدت کے باعث رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلی ایک اہم عالمی ماحولیاتی مسئلہ بن چکا ہے۔

زاہد حامد نے کہا کہ پاکستان کو حالیہ کچھ برسوں سے اس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں رونما ہونے والی شدید اور عام ہوتی ہوئی گرمی کی لہر، سیلاب اور طوفانی بارشوں جیسی شدید تباہ کاریوں کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں سماجی، معاشی، صحت اور تعلیم کے متعلق ترقی کے اہداف کے حصول میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کی کٹائی، ہوائی اور آبی آلودگی میں ہوتا ہوا اضافہ، مختلف جنگلی حیات اور ان کے مسکن کی بگڑتی ہوئی صورتحال، زمینی کٹاؤ اور سمندری سطح میں ہوتا ہوا اضافہ ملک کے اہم ماحولیاتی مسائل بن چکے ہیں اور ان مسائل میں عالمی حدت کے باعث رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلی میں شدت آرہی ہے، اس سے ملکی معیشت اور سماجی ترقی کی رفتار کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی بگاڑ کی وجہ سے ملکی معیشت کو روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، جس کو سب کو ملکر روکنا ہے۔

تازہ ترین