• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان، وومن یونیورسٹی نےایک سال میں ایچ ای سی سے منظوری حاصل کرلی

مردان( نمائندہ جنگ) وومن یونیورسٹی مردان نے قلیل مدت میں اعلیٰ تعلیمی ادارے کی تمام شرائط پوری کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری حاصل کرلی ۔خیبرپختونخوا میں خواتین کے لئے بننے والی اس یونیورسٹی نے صرف نو ماہ کی قلیل مدت میں ایچ۔ای۔سی۔ سے منظوری حاصل کر لی۔اس طرح خیبر پختونخوا صوبے میں یہ پہلی سرکاری یونیورسٹی ہے جس نے کم وقت میں ایچ ای سی سے این او سی حاصل کرلی ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین کے مطابق یونیورسٹی پچھلے سال بنی تھی اور انہوں نے جولائی 2016 میں بطور سر براہ جامعہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وومن یونیورسٹی مردان کو بہت تیزی سے کامیابی کی طرف لیکر جانے اور اس حوالے سے ہونے والی تمام پیش رفت میں ان کی کوششوں اساتذہ کرام اور عملے کی دن رات محنت کے علاوہ صوبائی حکومت بالخصوص وزارت تعلیم کی خصوصی دلچسپی اور معاونت شامل ہے۔وومن یو نیورسٹی مردان کو ایچ ای سی سے منظور شدہ یونیورسٹی بنانے اورخیبر پختونخوا میں خواتین کے لئے ایک مثالی یونیورسٹی بنا نے میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایچ ای سی کی شرائط کے مطابق تمام فیکلٹیز مکمل ہوچکی ہیں ۔اس دوران ایک مرتبہ سینیٹ کا، دو مرتبہ اکیڈمک کو نسل کا ،اورسنیڈیکیٹ کے تین مرتبہ اجلاس منعقد ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ آف اسٹڈیز کا اجلاس وقتاً فوقتاً ہوتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایچ ای سی کے اسٹینڈرڈ کے مطابق لیبارٹری،لائبریری اور یگر سہولیات موجود ہیں ، انہوں نے کہا کہ یونیوسٹی میں داخلہ اور کلاسز کا آغاز ہوتے ہی مردان اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں سے طالبات کی خاطر خواہ تعدادنے داخلہ لیا اوراب تک ایک تعلیمی سال (2 سمسٹر ) تقریباً مکمل ہونیوالا ہے۔ اس وقت یونیورسٹی میں بائیوٹیکنالوجی اینڈ مائیکروبائیولوجی،سائیکا لوجی،بزنس اینڈ اکنامکس، انگلش ، اسلامیات کے ڈیپارٹمنٹس میں طالبات زیر تعلیم ہیں اس کے علاوہ پولیٹیکل سائنس اینڈانٹرنیشنل ریلیشنز ،کمپوٹر سائنس ، زولوجی ،باٹنی، ایجوکیشن ، میتھمیٹکس اور اردو کے شعبہ جات جلد کھولے جارہے ہیں ،اس کے ساتھ بی ایڈ اور ایم ایڈ بھی شروع کرانے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے اس دوران میرٹ بیس پر اسکا لرشپس بھی دی گئی ہے جبکہ HEC سے منظوری کے بعد اب طالبات کے لیے دیگر اسکالر شپس بھی میسر ہونگی۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں حالیہ ہونے والی خیبر پختونخواہ کی جامعات کی تعلیمی نمائش میں بھی وومن یونیورسٹی مردان نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔وائس چانسلر کے مطابق وومن یونیورسٹی میں طالبات کے لیے محفوظ اور بہترین تعلیمی ماحول مہیا کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے اسٹوڈنٹس کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔
تازہ ترین