پشاور(نیوزرپورٹر)پشاورہائی کورٹ کے جسٹس قیصررشید اور جسٹس ناصرمحفوظ پرمشتمل دورکنی بنچ نے 2008ء میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے شہیدہونے والے پولیس اہلکارکو مکمل شہید پیکج دینے کیلئے دائررٹ پرڈی پی او چارسدہ سے جواب مانگ لیاہے عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے یہ احکامات گزشتہ روز درخواست گزار سمندرخان کی جانب سے دائررٹ پرجاری کئے اس موقع پر عدالت کو بتایاگیاکہ درخواست گزار کابھائی سعیدالرحمان محکمہ پولیس میں تعینات تھا جو2008ء میں شبقدرسبحان خوڑ میں گشت پرتھے اورسکیورٹی فورسزنے پولیس موبائل پرفائرنگ کی جس سے سعیدالرحمان شہید اورباقی ساتھی زخمی ہوگئے تھے رٹ میں عدالت کو بتایاگیاکہ سعیدالرحمان کی شہادت پرلواحقین کو شہداء پیکج تو ادا کردیاگیاہے لیکن اب درخواست گذار کو محکمہ پولیس میں ملازمت یہ کہہ کر نہیں دی جارہی ہے کہ واقعہ کی ایف آئی آر درج نہیں ہے جس پرجسٹس قیصررشید نے تعجب کااظہارکہ ایک جانب شہید پیکج دے دیا گیاہے اوردوسری جانب یہ کہتے ہیں کہ واقعہ کی ایف آئی آرنہیں ہے فاضل بنچ نے بعدازاں رٹ کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ سے جواب مانگ لیا۔