• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب زخمیوں کی عیادت کیلئے احمد پور پہنچ گئے

Chief Minister Punjab Arrived At Ahmedpur To See Injured

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بہاولپور میں سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔

مریضوں کی عیادت کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلیے 20 لاکھ روپے معاوضہ جبکہ زخمیوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بہاولپور پہنچ کر انتظامیہ کے اجلاس کی صدارت کی، جنرل آفیسر کمانڈنٹ 35 میجر جنرل امجد خٹک بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو کمشنر بہاولپور ڈویژن نے سانحہ احمد پور شرقیہ پر بریفنگ دی اور امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں کمشنر بہاولپور نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت کیلیے فارنزک کی خصوصی ٹیم جائے حادثہ پہنچ چکی ہیں جبکہ زخمیوں کی منتقلی کے لیے 4ہیلی کاپٹرز حاصل کیے گئے ہیں۔

اجلاس کے بعد شہبازشریف نے سی ایم ایچ بہاولپور اور وکٹوریہ اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی، جنرل آفیسر کمانڈنٹ 35 میجر جنرل امجد خٹک سمیت دیگر عسکری حکام بھی ان کے ساتھ تھے۔

وزیر اعلی نے ڈاکٹروں اور نرسوں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولتیں اور علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔

اس دوران ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کا ایسےعلاج کریں جیسے یہ آپ کے اپنے عزیز و بچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انہیں بہترین طبی سہولتیں دے کر ان کے دکھوں کا مداوا کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے فرداً فرداً زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلے بڑھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور اس سانحے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔

تازہ ترین