کراچی(اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں پاکستانی ہاکی ٹیم بری طرح بے نقاب ہونے کے بعد دس ٹیموں کے ایونٹ میں بمشکل ساتویں پوزیشن حاصل کرسکی، ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی حد درجہ مایوس کن رہی، پاکستان کو واحد جیت اسکاٹ لینڈ کے خلاف ملی، بھارت نے دو مرتبہ اسے شکست سے دوچار کیا، تو ہالینڈ اور کینیڈا کی ٹیموں نے دل بھر کر پاکستانی کھلاڑیوں کی درگت بنائی، کوارٹر فائنل میں اولمپک چیمپئن ارجنٹائن نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو ناکامی کے دلدل سے باہر آنے نہیں دیا، پورے ٹور نامنٹ میں کوچنگ اسٹاف کا کردار نظر نہیں آیا، فاروڈز کی ایک نہ چلی، دفاعی کھلاڑی بے بس دکھائی دئیے، گول کیپر کا کردار بھی ثانوی رہا، مگر اس کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن کا میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی اگلے ورلڈ کپ میں شر کت یقینی ہوگئی، پی ایچ ایف کا میڈیا ڈیپارٹمنٹ شائقین ہاکی کی آنکھ میں دھول جھو نک رہا ہے، پاکستان نے اس رائونڈ سے براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ضائع کردیا اور اس کی ٹیم ٹاپ فائیو میں نہ آسکی، اتوار کو پاکستان نے چین کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دی، پاکستان کی جانب سے عمر بھٹہ نے دو اورعرفان جونیئر نے ایک، ایک گول اسکور کئے۔دوسری جانب پاکستان کی اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی ورلڈ کپ رسائی رائونڈ سے براہ راست رسائی کامشن ناکام ہونے پر سابق ہاکی اولمپئینز نے سخت افسوس کا اظہار کیا ہے، سابق کپتان سمیع اللہ نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدے داروں کو فارغ کیا جائے، انہوں نے اس کھیل کو مزید تباہ کردیا ، انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا پول کھل گیا۔ سابق کپتان اصلاح الدین نے کہا ہے کہ ٹیم کی ناقص کار کردگی کی اصل وجہ پی ایچ ایف کی جانب سے قومی ٹیم کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کا موقع ملنے کے باوجود اس میں عدم شرکت ہے جس کی وجہ سے ٹیم کی تیاری نہ ہوسکی، انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے حکام ناکام ہوچکے ہیں۔ سابق کپتان حسن سردار نے بھی قومی کی کار کردگی کو مایوس کن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایونٹ کے دوران کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی۔ سابق کوچ سمیر حسین نے کہا کہ بہت افسوس ناک صورت حال سامنے آئی ہے ہم نے اپنی کوچنگ میں ٹیم کو سیٹ کردیا تھا مگر اب ایک بار پھر قومی ہاکی ناکامی کے ڈگر پر چل پڑی ہے۔پانچویں ، چھٹی پوزیشن کے میچ میں کینیڈا نے بھارت کو دو کے مقابلےمیں تین گول سے شکست دے دی۔